شیخ صاحب۔۔!! آپ کا شکریہ 121

شیخ صاحب۔۔!! آپ کا شکریہ

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہیٰ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید صاحب غلط فہمی دور کرنے پر آپ کا شکریہ۔

اتوار 13 مارچ کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہیٰ نے لکھا میں بھی آپ ( شیخ رشید ) کی عزت اس طرح کرتا ہوں جس طرح آپ میرے بزرگوں کی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتہ 13 مارچ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کی طرح نہیں کہ 5 سیٹوں پر صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے بلیک میل کروں، عمران خان کے ساتھ سائے اور چٹان کی طرح کھڑا ہوں، باقی لوگوں کا ذمے دار نہیں، عمران خان سڑکوں پر آگئے تو وہ واقعی خطرناک ہو جائیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے 5 ووٹوں کا اشارہ جام کمال کی طرف کیا ہے؟ جس کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کہ میں نے پنجاب کی سیاست کی بات کی ہے، میں صوبوں کی سیاست کی بات نہیں کرتا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ممبر کا اتنا ریٹ لگے گا۔

شیخ رشید کی جانب سے دیئے گئے اس بیان پر ق لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر مونس الہٰی کا ردعمل سامنے آیا تھا۔ اپنے بیان میں مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ شیخ صاحب کی بہت عزت کرتا ہوں۔ شیخ رشید بھول رہے ہیں، اسی جماعت کے لیڈر ان کے بزرگوں سے اسٹوڈنٹ لائف میں پیسے لیا کرتے تھے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے اجلاس میں حتمی فیصلہ کا امکان ہے۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اہم مشاورتی بیٹھک ہفتے کے روز ہوئی، جس میں مسلم لیگ (ق) کے اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق غور کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ قائداعظم (ق) کے حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ تمام معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے، تاہم وفاقی وزیر طاہر بشیر چیمہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فواد چوہدری کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں، ان کے ساتھ ملاقات کے دوران عدم اعتماد نہیں صرف پیکا آرڈیننس پر بات چیت ہوئی تھی۔

دوسری طرف ق لیگ کے مطابق سیاست میں ضد یا انا نہیں بلکہ پارلیمانی و جمہوری رویے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، مسلم لیگ ق کی پنجاب سمیت ملکی سیاست میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔


FaceBook
-->