azra mazhar khanpuri 254

عشق کا فیض ۔۔۔۔۔۔ایک عمدہ شعری انتخاب :تحریر۔۔۔۔عذرا مظہرخانپوری

عشق کا فیض عہد حاضر کے معروف کالم نگار اور مرتب ہمایوں جاوید کا شعری انتخاب ہے جسے مکتبہ شافی نے بڑے اہتمام سے شائع کیا ہے۔انتساب چودھری کرم علی کیفی کے نام ہے۔اس شعری انتخاب میں دبستان میلسی کے اولین نقاد پروفیسر شفیق الرحمان الہ آبادی کا دیباچہ شامل ہے جبکہ شاہد حفیظ کا “خوبصورت شعری انتخاب “کے عنوان سے مضمون شامل ہے ۔

پروفیسر صائمہ ممتاز اور راقمہ الحروف کا فلیپ بھی شامل ہے۔زیر نظر شعری انتخاب کی اشاعت سے قبل ہمایوں جاوید کی درج ذیل سات کتب زیور طبع سے آراستہ ہوکر ارباب علم ودانش سےخراج تحسین پاچکی ہیں۔
آنکھ بھر آئی(شعری انتخاب)
زخم دل(شعری انتخاب)
درد کا موسم( شعری انتخاب)
یادوں کے سلسلے (شعری انتخاب)
پرکھ (کالموں کا مجموعہ)
تیری یاد (شعری انتخاب)
چاہت کی خوشبو (شعری انتخاب) ۔
حال ہی میں شائع ہونے والی ان کی ایک کتاب”عشق کا فیض” ملک بھر کے ان شعراء وشاعرات کے کلام ان کے تعارف اور ان کی تصانیف پر مشتمل وہ کتاب ہے جوادبی مراکز سے دور ہونے اور وسائل نہ ہونے کی وجہ سےاپنے کلام کو شائع نہیں کرواسکتے۔

اس کے علاوہ اس کتاب میں ملک کے وہ نامورشعراء وشاعرات جن کی بہت سی تصانیف جو قارئین ادب سے داد تحسین پاچکی ہیں ان کا تعارف اور نمونہ کلام بھی شامل کیا گیا ہے۔جس کی وجہ سے کتاب کو مزید چار چاند لگ گۓ ہیں۔

مذکورہ کتاب میں ہمایوں جاوید نے نہ صرف شاعرات کا کلام پیش کیا ہے بلکہ ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں بہت سے ادبی اداروں سے ملنے والے ایوارڈز کا بھی ذکر کیا ہے ملک بھر کے کہنہ مشق اور نۓ سخن وروں کے کلام کا انتخاب کرکےہمایوں جاوید نے دریا کو کوزے میں بند کردیا ہے ۔

ان کی اس عمدہ کاوش سے نوآموز شاعروں کی نہ صرف حوصلہ افزائئ ہوئی ہے بلکہ ان کو آگے بڑھنے کا موقع بھی ملا ہے۔زیر نظر کتاب کا عنوان بہت ذبردست ہے اس لیے کہ ادب اور محبت لازم وملزوم ہیں محبت میں ادب واحترام کا ہونا بہت ضروری ہے۔
پروفیسر شفیق الرحمان الہ آبادی اپنے دیباچہ میں ادب ومحبت کے متعلق یوں رقمطراز ہیں:۔
“اس میں کوئی شک نہیں کہ محبت کے قرینوں میں ادب پہلا قرینہ ہے ادب سے مراد ایک تو ادب واحترام ہے دوسرا اردو ادب ہے جس کی دو اصناف نثر اور شاعری ہیں اور یہ دونوں اصناف نہ صرف محبت کا قرینہ بلکہ زندگی گزارنے کا قرینہ بھی سکھاتی ہیں”
علامہ اقبال بھی محبت میں ادب واحترام کے اس طرح قائل نظر آتے ہیں
خموش اے دل بھری محفل میں چلانا نہیں اچھا
ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں
مجھے یہ یقین ہے کہ ان کی یہ کتاب یقننا پڑھنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گی اور پنسدیدگی کی نگاہ سے دیکھی جاۓ گی۔خوبصورت سرورق اور عمدہ شاعری پر منبی یہ کتاب قابل تعریف وتحسین ہے ۔اللہ تعالی ہمایوں جاوید کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے اور عمر خضر عطا کرے۔آمین

وسیم عباس
Author: وسیم عباس

وسیم عباس فری لانسر , جرنلسٹ , وی لاگر , کالم نگار , سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ,خبریں ڈیلی کے ساتھ بطور ایڈمن منسلک ہیں انکا ٹویٹر اکاونٹ[email protected] کے ہینڈل سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں