اضافی فیس لینے والے نجی سکولز کیخلاف کارروائی – Jehan Pakistan News 16

اضافی فیس لینے والے نجی سکولز کیخلاف کارروائی – Jehan Pakistan News

ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کی معائنہ کمیٹی نے منگل 20 ستمبر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن کی سربراہی میں سینٹ ریٹا سکول گلشن ظہور ایم اے جناح روڈ اور حسن سینٹر پبلک سکول بریٹو روڈ کا دورہ کیا۔ 

اس دوران سکولوں کی مختلف دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے مطابق سینٹ ریٹا سکول مبلغ 4000 روپے بطور سالانه چارجز اور ماہانہ ٹیوشن فیس منظور شده فیس سے زائد وصول کر رہا ہے اور ماہانہ فیس دو ماه كى ايک ساتھ وصول کی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ فیس بک کے نام پر 200 روپے، داخلہ فارم کے نام پر 1000روپے وصول کرنے کے ساتھ بچوں کو کتابیں اور کاپیاں بھی سکول کی جانب سے فروخت کی جارہی ہیں جبکہ 10 فیصد فری شپ کے قانون پر بھی عملدر آمد نہیں کیا جا رہا، جس پر ان سے بذریعہ خط 7 یوم میں وضاحت طلب کی گئی ہے ۔

حسن سینٹر پبلک سکول میں بھی کتابیں اور کاپیاں فروخت کیے جانے کا سخت نوٹس لیا گیا، سکول پرنسپل نے کمیٹی کو بتایا کہ اکاؤنٹ کلرک چھٹی پر ہے لہٰذا کمیٹی نے سکول انتظامیہ کو بدھ 21 ستمبر کو ریکارڈ کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ میں طلب کیا ہے۔

کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر گلاب رائے اور مانیٹرنگ آفیسر اخلاق احمد بھی شامل تھے۔

دوسری ٹیم نے ڈائریکٹر محمد افضال کی سربراہی میں بیکن لائٹ اکیڈمی گلشن اقبال کا دورہ کیا۔ سکول میں سالانہ چارجز، کمپیوٹر فیس، سافٹ ویئر فیس کی وصولی اور کتابوں، کاپیوں اور سکول بیگ کی فروخت پر انہیں خط جاری کرنے کے ساتھ کہا گیا ہے کہ وصول کی گئی یہ تمام رقم طلبه کو واپس کریں یا ان کی مستقبل کی فیس میں ایڈجسٹ کریں۔

جبکہ کتابوں، کاپیوں اور بیگ کی فروخت کو فی الفور ختم کرکے عملدرآمد کی رپورٹ 7 یوم کے اندر ڈائریکٹوریٹ میں جمع کروائیں بصورت دیگر اسکول کے خلاف رولز کے تحت ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محمد افضال کے ساتھ اس کمیٹی میں عبدالستار میمن اور غلام شبیر سولنگی بھی موجود تھے



Source

sobaan saeed
Author: sobaan saeed

Sobaan saeed is writer||Blogger||works at khabraindaily

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں