پی ٹی آئی کا شہباز شریف کی بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ – Jehan Pakistan News 10

پی ٹی آئی کا شہباز شریف کی بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ – Jehan Pakistan News

 پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے لندن میں اپنے بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت آج منگل کو پاکستان تحریک انصاف کی لیگل کمیٹی کا اہم ترین اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہباز شریف کی عدالتی اشتہاریوں سے ملاقات سمیت دیگر قانونی معاملات پر گفتگو کی گئی

شہباز شریف نے لندن میں اشتہاری مجرموں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی، پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے ان ملاقاتوں کو وزیر اعظم کے حلف سے رو گردانی قرار دیا، لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے مشاورت سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہیے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو دھمکی آمیز کالز کا معاملہ بھی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا، اور شہباز گل پر زیر حراست تشدد کے مقدمے کو بھی منطقی انجام تک پہنچانے کی منظوری دی گئی

اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی لندن میں ملاقاتیں آئین و قانون سے انحراف ہے، نواز شریف اور اسحاق ڈار عدالتی اشتہاری ہیں، اشتہاریوں سے ملاقات اور ریاستی معاملات پر مشاورت قابل گرفت ہے۔

انھوں ںے کہا کابینہ ارکان بھی اہم تعیناتی پر نواز شریف سے مشاورت کی نشان دہی کر رہے ہیں، تحریک انصاف اس ملاقات اور لوازم کو عدالت کے سامنے رکھے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کارکنان کو کالز کے ذریعے ہراساں کرنے کا مفصل ڈیٹا جمع کر رہے ہیں، اس پر بھی بھرپور قانونی کارروائی کریں گے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت آئین و قانون سے انحراف کے واقعات پر فوری سماعت کرے گی، کیوں کہ حصول انصاف کے لیے قوم کی امیدیں عدالت عظمیٰ سے جڑی ہیں



Source

sobaan saeed
Author: sobaan saeed

Sobaan saeed is writer||Blogger||works at khabraindaily

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں