89 ملزمان پر فرد جرم عائد 102

89 ملزمان پر فرد جرم عائد

انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ سیالکوٹ (پریانتھا کمارا قتل کیس) میں گرفتار 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، عدالت نے ملزمان کیخلاف گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

گزشتہ سال دسمبر 2021ء میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو سیالکوٹ میں معمولی تنازع پر بیدردی سے قتل کردیا گیا تھا، ہجوم نے ان کی لاش کو آگ بھی لگادی تھی۔

پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا، جن میں سے تقریباً 90 افراد کو ملزم قرار دیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج نتاشہ نسیم نے آج کوٹ لکھپت جیل میں سیالکوٹ واقعے پر سماعت کی، جس میں 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

پراسکیوشن کی جانب سے 2 چالان عدالت میں جمع کروائے گئے ہیں جن میں 9 نابالغ بچوں کا چالان الگ جمع کروایا گیا جبکہ دوسرے چالان میں 80 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کا ٹرائل کوٹ لکھپت جیل میں شروع کردیا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق 40 گواہان کو چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پراسیکیوشن نے واقعے کی ویڈیوز، ڈیجیٹل شواہد، ڈی این اے، چشم دید گواہان اور فارنزک شواہد کو بھی چالان میں شامل کیا ہے۔


FaceBook
-->