لسبیلہ ہیلی کاپٹر واقعہ پر منفی سوشل میڈیا مہم کے تمام کردار گرفتار کرنے کا فیصلہ – Jehan Pakistan News 32

لسبیلہ ہیلی کاپٹر واقعہ پر منفی سوشل میڈیا مہم کے تمام کردار گرفتار کرنے کا فیصلہ – Jehan Pakistan News

لسبیلہ ہیلی کاپٹر واقعے میں پاک فوج کے شہدا کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے تمام کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی اداروں کی جانب سے سوشل میڈیا مہم کے کرداروں کے خلاف تحقیقات جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گھناؤنی مہم چلانے والوں سے تفتیش کے نتیجے میں ان کے سرپرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہدا کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں کچھ بھارتی اکاؤنٹس بھی استعمال کیے گئے۔

مہم شروع ہونےکےبعد بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی اس میں شامل ہوگئے اور اب تک کی تحقیقات کے مطابق 17 بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی میں بھرپور حصہ لیا۔مہم میں شامل سیاسی جماعت کےکارکنوں کے ویڈیو بیانات پہلے ہی منظرعام پر آچکے ہیں، مہم کے پیچھے چھپے دوسرے کرداروں اور ان کے ہینڈلرز  تک بھی پہنچاجارہا ہے اور دیکھاجا رہا ہےکہ بھارتی اکاؤنٹس کےنام پرکچھ اکاؤنٹس پاکستان سے تو نہیں چل رہے تھے۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹرکا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثےکے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی تھی جبکہ حکومت نے منفی سوشل میڈیا مہم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور ایف آئی اے اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل  تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جو واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔



Source

sobaan saeed
Author: sobaan saeed

Sobaan saeed is writer||Blogger||works at khabraindaily

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں