australia and pakistan cricket team captain 146

کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کی منظوری دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کی منظوری دیدی ہے۔ پاکستان کے دورے کی منظوری کرکٹ آسٹریلیا کی بورڈ میٹنگ میں دی گئی۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان جا رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔

نک ہاکلے نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، دورہ کھیل کی ترقی اور اس کی مضبوطی کے لیے اہم ہے۔ چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ ٹورکی منصوبہ بندی کرنے پر کرکٹرز ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹ اسٹاف اور سکیورٹی ایکسپرٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ بورڈز کی ہاہمی مشاورت سے دورے کا نیا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز اب کراچی کی بجائے راولپنڈی سے ہو گا۔ دوسرا ٹیسٹ کراچی اور آخری ٹیسٹ لاہور میں کھیلا جائے گا، ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز کا آغاز کراچی سے 3 مارچ کو ہونا تھا۔

24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم سیریز میں ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ساتھ تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے گی، ون ڈے اور ٹی 20 میچز بھی راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔

وسیم عباس
Author: وسیم عباس

وسیم عباس فری لانسر , جرنلسٹ , وی لاگر , کالم نگار , سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ,خبریں ڈیلی کے ساتھ بطور ایڈمن منسلک ہیں انکا ٹویٹر اکاونٹ[email protected] کے ہینڈل سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں