سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے سینیئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے وزارتِ داخلہ سے استعفیٰ دینے کی وجہ بتادی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ ان کے استعفے کی وجہ عمران خان تھے۔چوہدری نثار علی خان چاہتے تھے کہ عمران خان کو آبپارہ سے آگے نہ آنے دیا جائے لیکن اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کو ریڈ زون آنے کی اجازت دی۔
جس پر چوہدری نثار نے استعفیٰ دیا۔جرگہ میں سلیم صافی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انہوں نے عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنوں کے خلاف رینجرز ، ایف سی اور پولیس کو کارروائی کا حکم دے دیا تھا۔

وہ نہیں چاہتے تھے کہ عمران خان اور طاہر القادری آبپارہ سے ایک انچ آگے آئیں۔چوہدری نثار کے مطابق اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے ان کی یعنی وزیر داخلہ کی مرضی کے خلاف دھرنے والوں کو ریڈ زون آنے کی اجازت دی جس پر استعفیٰ دے دیا۔
خیال رہے کہ استعفے کے بعد سے چوہدری نثار نے ن لیگ سے دوری اختیار کرلی تھی اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔